ہم ایک ایسے دور میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں علم اور معلومات تک رسائی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو چکی ہے۔ اس لیے ضروری نہیں کہ ہر شخص خود بہت زیادہ مطالعہ کرے تب ہی دین کی خدمت کر سکے، بلکہ اگر وہ علمِ نافع کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے تو یہ بھی ایک عظیم دینی خدمت ہے۔
آپ کسی مفید کتاب کا تعارف کرا سکتے ہیں، اچھی تحریر دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں، علمی پوسٹ کو رومن اردو یا ہندی رسم الخط میں منتقل کر کے ایسے لوگوں تک پہنچا سکتے ہیں جو اردو پڑھنے سے قاصر ہیں، کسی علمی لیکچر، آڈیو یا ویڈیو کا لنک شیئر کر سکتے ہیں، یا محض لوگوں کو مطالعہ کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ یہ تمام کام علم کے چراغ کو مزید روشن کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
یاد رکھیے! ہر شخص مصنف، محقق یا استاد نہیں بن سکتا، لیکن ہر شخص علم کے پھیلاؤ کا ایک مؤثر وسیلہ ضرور بن سکتا ہے۔ بسا اوقات آپ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک کتاب، ایک مضمون، یا ایک مختصر پیغام کسی کی زندگی کا رخ بدل دیتا ہے اور اسے علم و ہدایت کی راہ پر گامزن کر دیتا ہے۔
لہٰذا خود بھی مطالعہ کی عادت اپنائیے اور دوسروں میں بھی شوقِ مطالعہ پیدا کیجیے۔ علم کی محفلیں سجائیے، اچھی کتابوں کا تعارف کرائیے، اور نافع معلومات کو لوگوں تک پہنچانے کا ذریعہ بنیے۔ کیونکہ علم صرف حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ اسے پھیلانے اور دوسروں تک پہنچانے کا نام بھی ہے۔
"جو شخص کسی نیکی کی طرف رہنمائی کرے، اسے بھی عمل کرنے والے کے برابر اجر ملتا ہے۔"
✍️ از- محمد عادل الماتریدی الأزہری
25/ جون/ 202، بروز: جمعرات