مدینہ منورہ محض ایک شہر نہیں بلکہ عشقِ رسول ﷺ، سکونِ قلب اور روحانی کیف و سرور کا ایسا حسین و جمیل عرفان ہے جو دلوں پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتا ہے۔ جو شخص ایک بار اس مقدس بستی کی زیارت کر لیتا ہے، اس کے گلی کوچے، سبز گنبد کی جھلک، مسجدِ نبوی ﷺ کی فضا اور وہاں کے روح پرور لمحات اس کے دل و دماغ میں اس طرح محفوظ ہو جاتے ہیں کہ بعد میں مدینہ کا ذکر، کوئی تصویر یا کوئی تذکرہ سنتے ہی یادوں کا پورا منظر آنکھوں کے سامنے آ جاتا ہے۔
پھر دل بے اختیار انہی یادوں میں کھو جاتا ہے، روح وہاں کی فضاؤں میں پرواز کرنے لگتی ہے اور زبان پر یہی دعا جاری ہو جاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ بار بار اس مقدس شہر کی حاضری نصیب فرمائے۔ مدینہ منورہ کی محبت وہ دولت ہے جو جتنی بڑھتی ہے، دل کی تڑپ اور شوقِ زیارت بھی اتنا ہی بڑھتا جاتا ہے۔
ان کی مہک نے دل کے غنچے کھلا دیے ہیں
جس راہ چل دیے ہیں کوچے بسا دیے ہیں
مدینے کی یاد آتی ہے تو دل بے قرار ہوتا ہے
وہی جینے کا حاصل ہے، وہی دل کا قرار ہوتا ہے
✍️از- محمد عادل الماتریدی الأزہری
11/ جون/ 2026، بروز:جمعرات